عبداللہ النسور کی جگہ ہانی الملقی کو نگران وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے
عمان،30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے ایک فرمان کے ذریعے پارلیمان تحلیل کردی ہے اور ہانی الملقی کو نگران وزیراعظم مقرر کیا ہے۔ شاہِ اردن نے وزیراعظم عبداللہ النسور اور ان کی کابینہ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔اردن کے آئین کے تحت نئے انتخابات کے انعقاد سے چار قبل حکومتِ وقت کو مستعفی ہوجانا چاہیے اور اس کی جگہ نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی جو انتخابات کی نگرانی کرے گی۔دوماہ قبل انتخابی قانون 2015ء کی منظوری کے بعد سے پارلیمان کی تحلیل متوقع تھی۔اردن کے سیاسی تجزیہ کار محمد حسینی نے بتایا ہے کہ ’جب دو ماہ قبل نئے انتخابی قوانین منظور کیے گئے تھے تو اس وقت یہ حکم نامہ جاری کیا گیا تھا کہ نئے انتخابات ستمبر یا نومبر میں ہوں گے۔چنانچہ ان سے چار ماہ قبل پارلیمان کو تحلیل کیا جانا ضروری ہے‘۔نئے قانون کے تحت ’ایک فرد ایک ووٹ‘کے تحت انتخابات ہوں گے۔اس کے تحت ملک کو 23 انتخابی اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔بارہ گورنریوں کے لیے ایک ایک حلقہ ہے۔البتہ دارالحکومت عمان کے پانچ ،اربد کے چار اور زرقا کے دو حلقے ہوں گے۔اردن کے نامزد وزیراعظم ہانی الملقی اس سے پہلے خارجہ امور ،صنعت اور تجارت کے وزیر رہ چکے ہیں اور وہ ایک ماہر معیشت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ محمد حسینی کے بہ قول ان کا تقرر اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ آیندہ وقت میں ملکی معیشت کی بحالی حکومت کی ترجیح ہوگی۔